پاکستانخبریں

فیلڈ مارشل عاصم منیر اور لیبیا کے کمانڈر ان چیف کی ملاقات، دفاعی شراکت داری مضبوط بنانے پر اتفاق

راولپنڈی:
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لیبیا کے سرکاری دورے کے دوران لیبیا کے کمانڈر ان چیف جنرل خلیفہ حفتر سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور لیبیا کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کو لیبیا پہنچنے پر باضابطہ طور پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جو دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کی اہمیت کا مظہر ہے۔ ملاقات کے دوران عسکری قیادت نے دوطرفہ تعاون کے فروغ اور مشترکہ سیکیورٹی اہداف پر ہم آہنگی بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گفتگو میں انسدادِ دہشت گردی، عسکری صلاحیتوں میں بہتری اور تربیتی تعاون جیسے اہم شعبے زیرِ بحث آئے۔ اس کے علاوہ علاقائی سلامتی کی صورتحال اور خطے میں امن و استحکام سے متعلق باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

لیبیا کے کمانڈر ان چیف جنرل خلیفہ حفتر نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، نظم و ضبط اور عالمی سطح پر کردار کو سراہتے ہوئے پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کا تجربہ اور تربیتی نظام قابلِ تقلید ہے۔

ملاقات کو پاکستان اور لیبیا کے درمیان عسکری اور دفاعی روابط کو نئی جہت دینے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور تعاون کو مزید تقویت ملنے کی توقع ہے۔

Show More

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button