انٹرنیشنلخبریں

اسرائیل اور مصر کے درمیان 35 ارب ڈالر کا گیس معاہدہ منظور، نیتن یاہو کا اعلان

یروشلم:
اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے مصر کو قدرتی گیس کی فراہمی سے متعلق ایک بڑے معاہدے کی منظوری دے دی ہے، جس کی مجموعی مالیت تقریباً 35 ارب ڈالر بتائی جا رہی ہے۔ اسے اسرائیل کی تاریخ کا سب سے بڑا گیس برآمدی معاہدہ قرار دیا جا رہا ہے۔

ٹیلی وژن خطاب کے دوران نیتن یاہو نے کہا کہ یہ معاہدہ 112 ارب اسرائیلی شیکل مالیت کا ہے، جس میں سے تقریباً 58 ارب شیکل براہِ راست ریاستی خزانے میں جائیں گے۔ ان کے مطابق یہ رقم تعلیم، صحت، بنیادی ڈھانچے، سلامتی اور آنے والی نسلوں کے مستقبل پر خرچ کی جائے گی۔

اسرائیلی وزیرِاعظم نے بتایا کہ یہ معاہدہ امریکی توانائی کمپنی شیورون اور اس کے اسرائیلی شراکت داروں کے ساتھ طے پایا ہے، جس کے تحت مصر کو قدرتی گیس فراہم کی جائے گی۔ اسرائیل کے وزیرِ توانائی ایلی کوہن، جو اس موقع پر موجود تھے، نے اسے ریاست کی تاریخ کا سب سے بڑا برآمدی معاہدہ قرار دیا۔

نیتن یاہو کے مطابق اس معاہدے سے نہ صرف اسرائیلی معیشت کو فائدہ پہنچے گا بلکہ خطے میں اسرائیل کی توانائی کے شعبے میں حیثیت مزید مضبوط ہوگی اور اسے ایک اہم علاقائی توانائی طاقت کے طور پر فروغ ملے گا۔

واضح رہے کہ اسرائیلی توانائی کمپنی نیو میڈ انرجی نے رواں برس اگست میں مصر کو قدرتی گیس فراہم کرنے کے لیے 35 ارب ڈالر کے معاہدے پر دستخط کرنے کا اعلان کیا تھا۔ کمپنی کے مطابق اس معاہدے کے بعد مصر کو فراہم کی جانے والی گیس کی مجموعی مقدار 130 ارب مکعب میٹر تک پہنچ جائے گی۔

نیو میڈ انرجی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر یوسی ابو نے اسے قدرتی گیس کے شعبے کے لیے ایک تاریخی دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ اسرائیل میں طویل المدتی سرمایہ کاری کو یقینی بنائے گا اور آنے والے برسوں کے لیے ریگولیٹری استحکام فراہم کرے گا۔

تاہم اسرائیل کی ایک غیر سرکاری تنظیم ’’موومنٹ فار کوالٹی گورنمنٹ‘‘ نے اس معاہدے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ ملک کی تاریخ کے سب سے بڑے گیس معاہدے کی منظوری کے عمل پر سنجیدہ سوالات اٹھتے ہیں۔ تنظیم نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ معاہدے کی مکمل تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں اور یہ واضح کیا جائے کہ اس کے طویل المدتی ذخائر اور صارفین کی قیمتوں پر کیا اثرات مرتب ہوں گے۔

Show More

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button