اسلام آباد:
ٹک ٹاک نے پاکستان میں اپنے سیلف سروس ایڈورٹائزنگ پلیٹ فارم TikTok For Business Ads Manager کا آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (SMBs) کو ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے ذریعے اپنی برانڈ شناخت مضبوط بنانے اور نئے صارفین تک رسائی میں مدد فراہم کرنا ہے۔
نئے سسٹم کے تحت پاکستانی کاروباری افراد، مقامی برانڈز اور آن لائن اسٹارٹ اپس اب بغیر کسی تکنیکی مہارت کے خود اپنے اشتہاری کیمپینز بنا سکیں گے، بجٹ کنٹرول کر سکیں گے اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ڈیٹا پر مبنی فیصلے لے سکیں گے۔ ٹک ٹاک کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پاکستان میں اس کی موجودگی کو مزید وسعت دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ لانچ ٹک ٹاک کے اس عزم کا تسلسل ہے جس کے تحت وہ مقامی کاروباروں کو ڈیجیٹل دنیا میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔ اس سے قبل #GrowWithTikTok جیسے تربیتی پروگرامز کے ذریعے ہزاروں پاکستانی کاروباری افراد کو تخلیقی مواد، مارکیٹنگ اسٹریٹجی اور بہترین عملی طریقوں سے روشناس کرایا جا چکا ہے۔
عالمی سطح پر کیے گئے ایک حالیہ مطالعے کے مطابق ٹک ٹاک استعمال کرنے والے 73 فیصد افراد نے اعتراف کیا کہ انہوں نے پلیٹ فارم پر اشتہارات کے ذریعے نئی مصنوعات دریافت کیں، جبکہ 78 فیصد صارفین کو ایسے برانڈز کے بارے میں پتا چلا جن سے وہ پہلے واقف نہیں تھے۔ ان اعداد و شمار کی روشنی میں ٹک ٹاک کا نیا ایڈز مینیجر پاکستانی کاروباروں کے لیے ایک مؤثر مارکیٹنگ ٹول ثابت ہو سکتا ہے۔
ٹک ٹاک کے گلوبل بزنس سلوشنز کے سربراہ (ترکیہ، وسطی و جنوبی ایشیا) باریش آلڈانماز نے کہا کہ پاکستان کے چھوٹے کاروبار خطے میں سب سے زیادہ تخلیقی صلاحیتوں کے حامل ہیں، اور ٹک ٹاک ان کی ترقی میں شراکت دار بننے پر فخر محسوس کرتا ہے۔ ان کے مطابق نیا ایڈورٹائزنگ سسٹم کاروباروں کو اپنی کہانی سنانے، کمیونٹی سے جڑنے اور مؤثر انداز میں فروغ پانے کا آسان راستہ فراہم کرتا ہے۔
ٹک ٹاک ایڈز مینیجر کی نمایاں خصوصیات میں تخلیقی ٹولز شامل ہیں جو برانڈز کو مستند اور دلکش مواد تیار کرنے میں مدد دیتے ہیں، جبکہ لچکدار بجٹ آپشنز کے ذریعے کاروبار اپنی مالی حکمت عملی کسی بھی وقت تبدیل کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ذہین ٹارگٹنگ سسٹم نئے اور متحرک صارفین تک رسائی کو ممکن بناتا ہے۔
ماہرین کے مطابق جیسے جیسے پاکستانی صارفین مصنوعات، ریویوز اور رجحانات دریافت کرنے کے لیے ٹک ٹاک کا زیادہ استعمال کر رہے ہیں، یہ نیا اشتہاری نظام چھوٹے کاروباروں کے لیے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی موجودگی بڑھانے کا مؤثر ذریعہ بن سکتا ہے۔



