لندن — برطانیہ کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں کرپٹو اثاثوں کی باقاعدہ نگرانی اور ضابطے کا عمل اکتوبر 2027 سے شروع کیا جائے گا۔ یہ اقدام مالی مارکیٹ کو مستحکم بنانے اور صارفین کو کرپٹو مارکیٹ میں ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق نئے قوانین کے تحت کرپٹو کرنسیوں اور ڈیجیٹل اثاثوں کی خرید و فروخت، ٹریڈنگ پلیٹ فارمز اور سرمایہ کاری کی سرگرمیوں پر سخت نگرانی کی جائے گی۔ اس سے سرمایہ کاروں کو فراڈ اور مالی نقصان کے خطرات سے بچانے میں مدد ملے گی اور کرپٹو مارکیٹ میں شفافیت بڑھے گی۔
برطانیہ کے مالیاتی ریگولیٹرز نے کہا ہے کہ نئے قوانین کے تحت تمام کرپٹو پلیٹ فارمز کو رجسٹریشن کرنی ہوگی اور صارفین کے فنڈز کی حفاظت کے لیے مخصوص معیار پر عمل کرنا ہوگا۔ اس اقدام سے برطانیہ عالمی سطح پر کرپٹو اثاثوں کے لیے محفوظ اور شفاف مارکیٹ فراہم کرنے والا ملک بننے کی کوشش کر رہا ہے۔
اس سے قبل دیگر ممالک بھی کرپٹو کرنسی کے لیے قوانین مرتب کر چکے ہیں، اور برطانیہ کی حکومت نے اسے عالمی معیارات کے مطابق کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے تاکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھایا جا سکے۔



