پاکستانخبریں

پاکستان نیوی کا بحیرۂ عرب میں فضائی دفاعی طاقت کا شاندار مظاہرہ

کراچی:
پاکستان نیوی نے شمالی بحیرۂ عرب میں فضا سے آنے والے خطرات کے خلاف اپنی مضبوط دفاعی صلاحیت کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے جدید سطح سے فضا تک مار کرنے والے میزائل کی کامیاب لائیو فائرنگ کی۔ اس مشق کا مقصد بحریہ کی آپریشنل تیاری، ردِعمل کی رفتار اور جنگی مہارت کو جانچنا اور مزید مؤثر بنانا تھا، جس میں پاک بحریہ نے اپنے تمام اہداف کامیابی سے حاصل کیے۔

پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق اس لائیو فائرنگ کے دوران بحری جہاز سے داغے گئے میزائل نے انتہائی تیز رفتار اور غیر معمولی طور پر حرکت کرنے والے فضائی اہداف کو درست نشانہ بنایا۔ اس کامیاب فائر پاور مظاہرے نے اس بات کی تصدیق کی کہ پاکستان نیوی جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ ہے اور کسی بھی فضائی خطرے کا مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

اس اہم مشق کا مشاہدہ کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل عبدالمنیب نے خود فلیٹ یونٹ پر موجود رہ کر کیا۔ انہوں نے مشق میں حصہ لینے والے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور اعلیٰ کارکردگی کو سراہا۔ ریئر ایڈمرل عبدالمنیب کا کہنا تھا کہ ایسی مشقیں نہ صرف بحریہ کی صلاحیتوں کو مزید نکھارتی ہیں بلکہ دشمن کو واضح پیغام دیتی ہیں کہ پاکستان اپنے سمندری دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور قومی بحری سرحدوں، سمندری راستوں اور مفادات کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ دفاعی ماہرین کے مطابق اس طرح کی کامیاب مشقیں خطے میں طاقت کے توازن اور پاکستان کی دفاعی حکمتِ عملی کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔

Show More

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button