انٹرنیشنلخبریں

غزہ اسٹیبلائزیشن فورس کے لیے فیلڈ مارشل کے دورۂ امریکا کی خبر بے بنیاد، پاکستان کی رائٹرز رپورٹ کی سخت تردید

اسلام آباد:
پاکستان نے عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کی اس رپورٹ کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر غزہ کے لیے مجوزہ اسٹیبلائزیشن فورس (ISF) کے حوالے سے بات چیت کے لیے امریکا کا دورہ کرنے والے ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے جمعرات کو ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران واضح کیا کہ فیلڈ مارشل کے دورۂ امریکا سے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے میڈیا رپورٹس کا جائزہ لیا ہے، تاہم اس نوعیت کے کسی دورے یا اعلیٰ سطحی ملاقات کے بارے میں کوئی مصدقہ معلومات موجود نہیں ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے کسی بھی سرکاری یا اعلیٰ سطحی دورے کا اعلان صرف اور صرف حکومتِ پاکستان کی جانب سے باضابطہ طور پر کیا جاتا ہے، اس لیے غیر مصدقہ خبروں کو قیاس آرائی سمجھا جانا چاہیے۔

سیکیورٹی ذرائع نے بھی رائٹرز کی رپورٹ کو من گھڑت اور مفروضوں پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت امریکا میں کسی اعلیٰ سطحی ملاقات کی کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کا غزہ کے حوالے سے مؤقف واضح اور تبدیل شدہ نہیں ہے۔

سیکیورٹی ذرائع نے یاد دلایا کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار پہلے ہی پاکستان کی پالیسی بیان کر چکے ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان غزہ میں کسی ممکنہ امن یا استحکام فورس میں شرکت پر غور کر سکتا ہے، تاہم حماس کو غیر مسلح کرنا پاکستان کی ذمہ داری نہیں ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر کسی بین الاقوامی اسٹیبلائزیشن فورس میں شمولیت کا حتمی فیصلہ کیا گیا تو وہ جمہوری روایات کے مطابق حکومت، پارلیمان اور متعلقہ اداروں سے مشاورت کے بعد ہی ہوگا۔

اسحاق ڈار اس سے قبل واضح کر چکے ہیں کہ غزہ کے لیے کسی بھی بین الاقوامی فورس کا قیام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مینڈیٹ سے مشروط ہوگا، اور ایسی کسی فورس کا دائرۂ اختیار، کردار اور شرائط پہلے سے واضح ہونا ناگزیر ہیں۔

حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان مسئلۂ فلسطین پر اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی اور سیاسی ذرائع کو ترجیح دیتا رہے گا۔

Show More

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button