پاکستانخبریںموسم

محکمہ موسمیات کی 20 دسمبر سے بارش اور برفباری کی پیشگوئی، مختلف علاقوں میں سردی کی شدت بڑھنے کا امکان

اسلام آباد:
محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں 20 دسمبر سے بارش اور برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ 19 دسمبر کو بلوچستان میں داخل ہوگا، جو بعد ازاں بالائی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا۔

پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے مطابق 19 دسمبر کی شام سے 20 دسمبر تک بلوچستان کے متعدد اضلاع جن میں کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی، ژوب، موسیٰ خیل، خضدار، پنجگور، آواران، کیچ، لسبیلہ، تربت، گوادر، جیوانی، چاغی، خاران اور قلات شامل ہیں، میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔

خیبرپختونخوا کے بالائی اور میدانی علاقوں میں 20 دسمبر کی رات سے 22 دسمبر تک بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں درمیانی شدت کی برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس دوران چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں، کرک، ڈی آئی خان، ٹانک اور کوہاٹ متاثر ہو سکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان میں 20 دسمبر کی رات سے 23 دسمبر کی صبح تک بارش اور کئی مقامات پر معتدل سے شدید برفباری متوقع ہے، جس سے سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، پوٹھوہار ریجن، میانوالی، بھکر، نورپور تھل اور لیہ میں 20 اور 21 دسمبر کے دوران بارش کا امکان ہے، جبکہ مری اور گلیات میں اسی عرصے کے دوران بارش کے ساتھ برفباری بھی متوقع ہے۔

پنجاب کے وسطی اور بالائی علاقوں جن میں سرگودھا، خوشاب، فیصل آباد، حافظ آباد، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، ملتان، جھنگ، ڈیرہ غازی خان اور ٹوبہ ٹیک سنگھ شامل ہیں، وہاں 20 اور 21 دسمبر کو مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بوندا باندی ہو سکتی ہے۔

سندھ کے بیشتر علاقوں میں 19 اور 20 دسمبر کو موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، تاہم بارش کے امکانات کم ہیں۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ برفباری کے باعث ناران، کاغان، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، اسکردو، مری، گلیات، نیلم ویلی، باغ، پونچھ اور حویلی میں سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں یا بند ہونے کا خدشہ ہے۔ اس کے علاوہ بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے وسطی و جنوبی اضلاع اور بالائی سندھ میں دھند اور اسموگ کی صورتحال آئندہ چند روز تک برقرار رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Show More

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button