انٹرنیشنلدلچسپ و عجیبکھیل

ریسلنگ کے ایک عہد کا اختتام، جان سینا نے باقاعدہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

واشنگٹن ڈی سی میں آخری مقابلہ، مداحوں کی آنکھیں نم

عالمی سطح پر شہرت رکھنے والے معروف ریسلر اور سترہ مرتبہ عالمی چیمپئن جان سینا نے ریسلنگ کے میدان کو باقاعدہ طور پر الوداع کہہ دیا۔ واشنگٹن میں منعقد ہونے والے ایک بڑے مقابلے میں انہوں نے اپنے شاندار اور طویل کیریئر کا آخری میچ لڑا، جس کے بعد ریسلنگ کی دنیا میں ایک سنہری دور اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔

جان سینا کے آخری مقابلے میں ان کا سامنا آسٹریا سے تعلق رکھنے والے طاقتور ریسلر گنتر سے ہوا۔ تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرے اسٹیڈیم میں ہونے والا یہ مقابلہ آغاز سے اختتام تک انتہائی سنسنی خیز رہا۔ دونوں ریسلرز نے اپنی تمام تر صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور کئی مواقع پر مقابلہ جان سینا کے حق میں جاتا ہوا دکھائی دیا۔

تاہم مقابلے کے آخری لمحات میں گنتر کی جانب سے لگائے گئے مسلسل اور سخت گرفت کے سامنے جان سینا خود کو زیادہ دیر نہ بچا سکے اور بالآخر مقابلہ ہار گئے۔ اس غیر متوقع انجام پر اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں مداح حیرت اور جذباتی کیفیت میں مبتلا ہو گئے۔

مقابلے کے بعد جان سینا نے علامتی طور پر اپنے جوتے، بازوبند اور کلائی بند رِنگ میں رکھ دیے، جو ریسلنگ کی روایت کے مطابق ریٹائرمنٹ کی واضح نشانی سمجھی جاتی ہے۔ اس موقع پر رِنگ کے اردگرد موجود ساتھی ریسلرز اور شائقین نے کھڑے ہو کر تالیاں بجائیں اور انہیں شاندار کیریئر پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

رِنگ سے آخری بار رخصت ہوتے ہوئے جان سینا نے کیمرے کی طرف دیکھ کر مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ان تمام برسوں میں آپ کی محبت اور حمایت میرے لیے اعزاز رہی، میں دل کی گہرائیوں سے آپ سب کا شکر گزار ہوں۔

جان سینا کی ریٹائرمنٹ کو ریسلنگ کی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کا نام ہمیشہ ایک محنتی، باوقار اور کامیاب ریسلر کے طور پر یاد رکھا جائے گا، جبکہ ان کی خدمات آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوں گی۔

Show More

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button