امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورس فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ایک “انتہائی معزز” جنرل قرار دیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے یہ ریمارکس فلوریڈا میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران دیے، جہاں ان کے ہمراہ امریکی وزیرِ دفاع اور وزیرِ بحریہ بھی موجود تھے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر ایک باوقار اور قابلِ احترام عسکری شخصیت ہیں اور وہ فیلڈ مارشل کے عہدے پر فائز ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کے وزیرِاعظم نے بھی انہیں بتایا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مئی میں ممکنہ پاک بھارت جنگ کو روک کر ایک کروڑ جانیں بچائیں، جو ایک غیر معمولی کارنامہ ہے۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے دوران فضائی جھڑپوں میں آٹھ طیارے تباہ ہوئے تھے۔ ان کے مطابق یہ صورتحال انتہائی خطرناک ہو سکتی تھی، تاہم بروقت اقدامات کے باعث جنگ کو روکا گیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مئی میں ہونے والی جھڑپوں کے بعد پاکستانی سیاسی اور عسکری قیادت کی مسلسل تعریف کی ہے۔ اس سے قبل اکتوبر 2025 میں بھی انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ایک “اچھا انسان” قرار دیا تھا، جبکہ پاکستان کے وزیرِاعظم کو “عظیم رہنما” کہا تھا۔ اس وقت وہ کوالالمپور میں آسیان سمٹ 2025 سے خطاب کر رہے تھے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ انہیں افغانستان اور پاکستان کے درمیان ممکنہ کشیدگی کی اطلاعات ملی تھیں، تاہم پاکستانی قیادت نے دانشمندی سے اس مسئلے کو پرامن طریقے سے حل کر لیا۔ انہوں نے اس پیش رفت کو علاقائی امن کے لیے مثبت مثال قرار دیا۔
امریکی صدر نے خود کو دنیا میں امن کا حامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اب تک آٹھ جنگیں رکوا چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ تصادم کے بجائے تجارت کو ترجیح دیتا ہے اور معاشی تعاون ہی پائیدار امن کی بنیاد بن سکتا ہے۔



