ایڈیلیڈ:
ایلکس کیری کی شاندار سنچری اور عثمان خواجہ کی دلیرانہ اننگز کی بدولت آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ کے پہلے روز مضبوط پوزیشن حاصل کر لی۔ بدھ کے روز ایڈیلیڈ اوول میں کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا نے دن کے اختتام پر 8 وکٹوں کے نقصان پر 326 رنز بنا لیے۔
کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم میچ سے قبل اس وقت بڑا دھچکا لگا جب اسٹار بلے باز اسٹیو اسمتھ کو بیماری کے باعث آخری لمحات میں ٹیم سے باہر کر دیا گیا۔ شدید گرمی میں، جہاں درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا، آسٹریلوی بیٹنگ لائن نے دباؤ کا سامنا کیا مگر کیری اور خواجہ نے اننگز کو سنبھالا دیا۔
عثمان خواجہ، جو جمعرات کو 39 برس کے ہو جائیں گے، کو غیر متوقع طور پر پلیئنگ الیون میں موقع ملا۔ انہوں نے 82 رنز کی جاندار اننگز کھیلی اور تجربے کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ خواجہ کو ابتدا میں 5 رنز پر کیچ چھوڑے جانے کا فائدہ ملا، تاہم وہ چائے کے وقفے سے قبل ول جیکس کی گیند پر جاش ٹنگ کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد ایلکس کیری نے ذمہ داری سنبھالی اور پہلے جوش انگلس (32) اور پھر کپتان پیٹ کمنز (13) کے ساتھ اہم شراکتیں قائم کیں۔ کیری نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 106 رنز بنائے، جو ان کے ٹیسٹ کیریئر کی تیسری سنچری ہے۔ انہوں نے آٹھ چوکے اور ایک چھکا لگایا اور 56 ہزار سے زائد تماشائیوں کے سامنے یہ اعزاز حاصل کیا، جو ایڈیلیڈ اوول کی تاریخ کا سب سے بڑا کرکٹ مجمع تھا۔
انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر سب سے کامیاب بولر رہے، جنہوں نے 3 وکٹیں 29 رنز کے عوض حاصل کیں۔ لنچ کے بعد آرچر کے ایک تباہ کن اوور میں مارنس لیبوشین (19) اور کیمرون گرین مسلسل گیندوں پر آؤٹ ہو گئے، جس سے آسٹریلیا دباؤ میں آ گیا تھا۔
اس سے قبل جیک ویذرالڈ 18 اور ٹریوس ہیڈ 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دن کے اختتام پر مچل اسٹارک 33 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ نیتھن لیون ابھی کھاتہ کھولے بغیر کریز پر موجود ہیں۔
میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے بانڈی بیچ میں ہونے والی فائرنگ کے واقعے کے متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کے لیے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں، جبکہ کھیل کے آغاز سے قبل ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔
آسٹریلیا کو پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل ہے اور اگر وہ یہ میچ جیت یا ڈرا کروا لیتا ہے تو ایشز برقرار رکھنے میں کامیاب ہو جائے گا۔



